کشمیر کی حیثیت بحال ہونے تک ہندوستان کیساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے: صدر مملکت

کشمیر کی حیثیت بحال ہونے تک ہندوستان کیساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے: صدر مملکت
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی، جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، کشمیر کی حیثیت بحال ہونے تک ہندوستان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم استحصال کی تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ 2019ءکو آج کے دن بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے میں تبدیلی کی، بھارت نے ڈوگرا راج کی زیادتی آج تک جاری رکھی ہے، مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور غیر کشمیری عوام کو لاکر کشمیر میں آباد کیا جارہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی انسانی زندگیوں میں فرق ہے کیونکہ آزاد کشمیر میں ہر شخص آزاد ہے اور میڈیا بھی آزادی سے کام کر رہا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی عوام پر مظالم جاری ہیں اور ہزاروں کشمیری شہید کئے گئے ہیں، وہاں بہانے سے کرفیو لگایا جاتا ہے اور کشمیریوں کے منہ پیلٹ گن سے چھلنی کئے جاتے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں پیدا ہونے والا ہر بچہ آزادای کا سپاہی بن جاتا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ کشمیر ہمارے جسم کا حصہ ہے، پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ ہے، وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں لڑا ہے، کشمیر کی حیثیت بحال ہونے تک ہندوستان کے ساتھ کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے، بھارت آگ سے کھیل رہا ہے، بھارت کو بتانا چاہتاہوں کہ ہم کشمیر آزاد کرکے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو ایک مرتبہ پھر غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی اور مقبوضہ علاقے میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بھارتی اقدام چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ بھارت کی ان کارروائیوں کی بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بھی شدید مذمت کی گئی۔ 
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی ان کارروائیوں کا مقصد کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حق سے محروم کرنا ہے، بی جے پی حکومت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا اور بھارتی مقبوضہ فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، بھارت کی یہ غیر قانونی کارروائیاں بڑھتے ہوئے ہندو فاش ازم کا مظہر ہیں، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی تسلط کیخلاف جنگی جرائم پر احتساب کرنے کی یادہانی کراتا ہے، یہ دن عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے کی بھی یاددہانی کراتا ہے، عالمی برادری کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔