اداکاری کے بعد میرا کی ادب کے میدان میں طبع آزمائی

اداکاری کے بعد میرا کی ادب کے میدان میں طبع آزمائی

اسلام آباد: اداکاری کے میدان میں خود کو منوانے کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن انڈسٹری کے نئے اور معروف نام میرا سیٹھی نے ادب کے میدان میں بھی قدم رکھنے کی تیاری کرلی ہے۔

مشہور پبلشنگ اداروں نوف اور بلومز بری (Knopf and Bloomsbury) نے میرا سیٹھی کی مختصر کہانیوں کے پہلے مجموعے کا انتخاب کرلیا ہے اور کتاب 2018 میں امریکا، برطانیہ اور ہندوستان میں ریلیز ہونے کا امکان ہے۔میرا سیٹھی اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل کے ایڈیٹر کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے چکی ہیں اور ان کا کام نیو یارک ٹائمز سمیت 'دا کاراوان' میں بھی شائع ہوچکا ہے، اپنے کیرئیر میں ملنے والی اس نئی کامیابی پر میرا بہت خوش ہیں۔میرا کہتی ہیں کہ جب ان کے ایجنٹ نے مسودہ روانہ کیا تھا تو وہ مسلسل دعا کررہی تھیں کہ ادارے کے ایڈیٹرز اس پر ایک نگاہ ڈال لیں۔

میرا سیٹھی کے مطابق، نوف کے رائٹرز جنہیں وہ کم عمری سے پڑھتی اور پسند کرتی رہی ہیں، وہی ادارہ اب ان کا ناشر بننے جارہا ہے، یہ بالکل خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔

کچھ ایسے ہی خیالات بلومزبری کے متعلق بھی ہیں، میرا کے مطابق بلومزبری دنیا میں خواتین کی بہترین تحریروں کو چھاپ چکے ہیں اور وہ کافی پرجوش ہیں۔

میرا کی کہانیوں کو ایڈٹ کرنے والے نوف کے ایڈیٹر بھی ان کی پہلی کتاب کی تعریف کرتے ہیں۔ان کے مطابق، ’یہ زبردست ہے جس میں پاکستان کی زندگی پر بہت گہرائی سے غور کیا گیا، اس میں مزاح، جذبات اور سچائی شامل ہے‘۔، میرا کی کہانیاں جنوبی ایشیا کے لوگوں اور شناخت کو تہذیبی انداز سے کچھ مختلف کرکے بیان کرتی ہیں اور ان کے کرداروں کو پڑھنے والا جیسے جیسے جاننے لگتا ہے، ان کے بارے میں سوچنا شروع ہوجاتا ہے۔