بشکیک: کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے موقع پر پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں ایران امریکہ مذاکرات اور دوطرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے جاری سفارتی کوششوں اور مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے اس سلسلے میں پاکستان کی سفارتی کوششوں اور کردار کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاک-ایران باہمی تعلقات اور سرحدی سلامتی پر مشاورت کی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھا کر 10 ارب ڈالر کے معاشی ہدف تک لے جانے پر زور دیا، جس کی محسن نقوی نے بھرپور تائید کی اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
دونوں وزرائے داخلہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے کے پائیدار امن اور استحکام کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں ہی واحد راستہ ہیں۔ ملاقات کے اختتام پر محسن نقوی نے ایرانی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی