Get Alerts

ایران جنگ کے اثرات: امریکہ میں پیٹرول کی قیمتیں 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

ایران جنگ کے اثرات: امریکہ میں پیٹرول کی قیمتیں 11 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

واشنگٹن : مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران کے ساتھ جاری تنازع نے امریکی توانائی کی مارکیٹ کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ امریکہ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 3.25 ڈالر فی گیلن تک جا پہنچی ہے، جو گزشتہ 11 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران قیمتوں میں 27 سینٹ کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی آٹو موبائل ایسوسی ایشن (AAA) کے اعداد و شمار کے مطابق  حالیہ دنوں میں ایک ہی دن میں قیمت میں 11 سینٹ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ چار برسوں کے دوران یومیہ بنیادوں پر ہونے والا سب سے بڑا اضافہ ہے۔
ایران میں جاری جنگ کے باعث عالمی تیل کی منڈی شدید بے یقینی کا شکار ہے، جس سے سپلائی چین بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اس تیزی کی بڑی وجہ عالمی سپلائی کے لیے لاحق خطرات ہیں، بالخصوص آبنائے ہرمز (Strait of Hormuz) کی ممکنہ بندش ۔ دنیا کے تقریباً 20 فیصد خام تیل کی ترسیل اسی آبی گزرگاہ سے ہوتی ہے۔ یہاں پیدا ہونے والی کسی بھی رکاوٹ کا اثر فوری طور پر عالمی توانائی کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔
معاشی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال برقرار رہی تو آنے والے ہفتوں میں امریکہ میں پیٹرول کی قیمتیں 3.25 سے 3.50 ڈالر فی گیلن تک بڑھ سکتی ہیں۔ دوسری جانب، پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ذخیرہ اندوزی کو روکا جا سکے۔

ٹیگز: