’شہنشاہ جذبات‘ اداکار دلیپ کمار کی زندگی کے نشیب و فراز

 کروڑوں شائقین کے دلوں پر راج کرنے والے اداکار دلیپ کمار کی زندگی کے نشیب و فراز

لاہور:  دنیا بھر میں پھیلے ہندی سینما کے کروڑوں شائقین کے دلوں پر کئی دہائیوں سے راج کرنے والے سینئر اداکار  یوسف خان المعروف دلیپ کمار  کا اصل نام یوسف خان اور فلمی نام دلیپ کمار ۔  

وہ 11 دسمبر1922ء کو پاکستان کے شہر پشاور میں واقع محلہ خدادامیں پیدا ہوئے ۔ سنہ 1944ءمیں انہوں نے چھ دہائیوں پر پھیلے فلمی سفر کاآغاز کیا۔ فلم ’جوار بھاٹا‘ ان کی پہلی فلم تھی۔ 

فلم جگنو میں لازوال کردار نبھانے پر انہیں  ٹریجڈی کنگ یعنی المیہ کرداروں کا بادشاہ پکارا جانے لگا۔ساٹھ سے زائد فلموں میں کام کرنے والے دلیپ کمار کی اکثر فلموں کو ہندی سینما میں کلاسک کا درجہ حاصل ہوا ہے۔

اسی لئے دلیپ کمار کو ’شہنشاہ جذبات‘ کا خطاب بھی دیا گیا۔انہوں نے بہت سی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے لیکن 'مغل اعظم' میں ان کے مکالموں کی ادائیگی کا انداز دنگ کردینے والا ہے۔

بلاشبہ سنہ 50 اور60 کی دہائیاں دلیپ کمار کی تھیں۔ اس عرصے میں انہوں نے مدھومتی اور  گنگا جمنا   جیسی  کئی فلمیں انڈسٹری کو دیں جنھوں نے مقبولیت اورشہرت کے نئے معیار قائم کئے  ہیں۔

دلیپ کمار نے 1966 میں بالی ووڈ اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔ بالی ووڈ کے اس جوڑے کو  ہمیشہ  احترام کی نگاہ سے دیکھا  جاتا رہا ہے۔اداکاری کو حقیقت کا روپ دینے کا صلہ دلیپ کمار کو کئی ایوارڈز کی شکل میں ملا۔

بہترین اداکار کی کیٹیگری میں انہوں نے آٹھ فلم فیئر ایوارڈز جیتے ہیں ۔سنہ 1991ءمیں انہیں بھارتی حکومت نے پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا جبکہ 1994میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ ملا۔ حکومت پاکستان نے  بھی دلیپ کمار کو 1998میں نشان امتیاز سے نوازا۔ وہ 2000سے 2006تک راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے ہیں۔