لیہ میں کورونا کے کیسز آنے پر تین سرکاری سکول بند  کر دیئے گئے

 Three schools closed in Layyah, Punjab
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیسز میں مسلسل اضافے کی اطلاعات نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے ۔ 

کورونا کی دوسری لہر کے خدشات خطرہ بنتے جارہے ہیں ۔ پنجا ب کے اہم ضلع میں تین سرکاری سکولوں کو بند کردیاگیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق کورونا کے مہلک وار تیزی کے ساتھ جاری ہیں ، لاہور میں چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید چار افراد جاں بحق ہوگئے ہیں ۔ جبکہ ایک سو اڑتالیس نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 2 طلباء ، گورنمنٹ کالج برائے خواتین کوپر روڈ کی وائس پرنسپل ، گورنمنٹ کالج ٹاؤن شپ کے پروفیسر اور سابق لیگی یوسی چئیر مین سجاد ربانی ایڈوکیٹ بھی وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں ۔ 

لاہور کے مختلف ہسپتالوں کے آئی سی یوز میں 35 مریض زیر علاج ، سات وینٹیلیٹرز پر موجود ہیں ، دوسری جانب پنجاب کے اہم ترین ضلع لیہ میں کورونا کے کیسز مثبت آنے پر تین سرکاری سکولوں کو بند کردیا گیا۔ گورنمنٹ ہائی سکول 124 کے ٹیچر اور 2 طالبعلموں کا ٹیسٹ مثبت آنے پر بند کردیا گیاہے ۔

جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کینال کالونی لیہ کی طالبہ کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسے بند کردیا گیاہے ۔ ڈی ای او تعلیم توکل حسین نے بتایا کہ سکولوں میں ٹیسٹ مثبت آنے پر سکولوں کو ایک ہفتہ کے لیے بند کیا ہے جن کو محکمہ صحت کی سفارشات پر دوبارہ کھولا جائیگا۔