شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت 2 بجے تک ملتوی

شریف خاندان کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت 2 بجے تک ملتوی

اسلام آباد: نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی عدم حاضری کے بعد شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب سے واپس روانہ ہو گئے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف تین جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف ایک نیب ریفرنس کی سماعت آج ہو گی۔ استغاثہ کےگواہوں کے بیانات ریکارڈ کرنے کے علاوہ ایون فیلڈ پراپرٹیز کے ضمنی ریفرنس میں شامل کیے گئے دو غیر ملکی گواہوں کا وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کی تاریخ کا بھی تعین کیا جائے گا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف 3 نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کریں گے۔ العزیزیہ سٹیل ملز ریفرنس کی 27 ویں، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کی 24ویں سماعت ہو گی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف 16ویں مرتبہ بطور ملزم عدالت میں پیش ہوں گے۔ تینوں ریفرنسز میں مجموعی طور پر 39 میں سے 24 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔

عدالت نے گزشتہ سماعت پر نیب کے برطانیہ میں مقیم دو غیر ملکی گواہوں راجا اختر اور فرانزک ایکسپرٹ رابرٹ ریڈلی کی وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست منظور کی تھی۔ دونوں گواہوں کا لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے بیان ریکارڈ کیا جائے گا جس کے لیے تاریخ کا تعین نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث سے مشاورت کے بعد ہو گا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں