سیاستدانوں کو سیاسی ،ججز کو قانونی جواب دوں گا ، بلاول بھٹو

سیاستدانوں کو سیاسی ،ججز کو قانونی جواب دوں گا ، بلاول بھٹو
کیپشن: فوٹو بشکریہ: بلاول بھٹو آفیشل ٹوئیٹ کاؤنٹ

لاہور: بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم سیاسی ایشوز کا سیاسی طور پر  اور قانونی ایشوز کاقانونی طورپر جواب دے رہے ہیں،  میں سیاستدانوں کو سیاسی جواب دوں گا اور ججز کو قانونی جواب دوں گا ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئےچیئر مین پیپلز پارٹی  بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ہم اپوزیشن  گرینڈ لائنس کی طرف نہیں جارہے ، ایشو ز پر سیاست کررہے ہیں، اس وقت نیب اوردوسرے ادارے حکومتی دباﺅ میں کام کررہے ہیں۔حکومت کی کوئی کارکردگی نہیں ہے ،وہ  اپوزیشن کو دباﺅ میں لاکر  نشانہ  بنا رہی ہےاور حکومت ہمارا مقابلہ الیکشن میں نہیں کرسکتی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ آصف زرداری کی ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں اور ان ملاقاتوں کا کچھ نہ کچھ نتیجہ ضرور نکلتا ہے۔حکومت کی کارکردگی صفر  ہے ،جے آئی ٹی رپورٹ میں آصف زرداری کی کردار کشی کی گئی ہے جس کو ہم مسترد کرتے ہیں، آصف زرداری کو بغیر کسی جرم کے گیارہ سال تک جیل میں رکھا گیا ج، ے آئی ٹی نے  سیاسی بنیادوں پر کام کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری عہد ے پربیٹھے  شخص کو غیر سیاسی ہونا چاہئے ، میری عمر ایک تھی تب سے سن رہا ہوں کہ آصف زرداری کو گرفتار کررہے ہیں، ہم نظریاتی سیاستدان ہیں ، ہم دھمکیوں سے نہیں ڈرتے اورذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے آئین کی حفاظت کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی انجینئر نگ کرناچاہتی ہے ، اس وقت ٹرین کاسفر بھی مہنگا ہوگیاہے ،عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں، پیپلز پارٹی کوبدنام کرنے کی کوششیں ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر  کے ادوار میں  ہوتی رہی ہیں، اتنی نااہل اور نالائق حکومت زندگی بھر نہیں دیکھی ۔