دماغی خلل سے خلائی مخلوق نظر آنے کا وہم ہو جاتا ہے:ڈاکٹر طاہر القادری

 دماغی خلل سے خلائی مخلوق نظر آنے کا وہم ہو جاتا ہے:ڈاکٹر طاہر القادری
کیپشن: فوٹو: فائل

لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ دماغ میں خلل آنے سے بھی خلائی مخلوق نظر آنے کا وہم ہو جاتا ہے۔حالت نزع کے مریض کو جو نظر آتا ہے وہ آس پاس کھڑے افراد نہیں دیکھ پاتے۔کرپشن کنگز کو نظر آ رہا ہے کہ کرپشن کیسز کے فیصلے اور سزائیں یقینی ہیں اور وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ انجام کے قریب ہورہے ہیں،دولت ،سازش،کرپشن اور گٹھ جوڑ کی منفی سیاست اپنے منطقی انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔خلائی مخلوق نہیں پہلی بار احتساب اور انصاف کے اداروں نے آئین و قانون کے مطابق بالادست طبقے کی گرفت کا آغاز کیاہے۔ماڈل ٹاﺅن کے قاتلوں کا تڑپنا اور بلکنا بلا جواز نہیں ہے۔


عوامی تحریک کے سنیئر رہنماﺅں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ قوم کی نظریں سانحہ ماڈل ٹاﺅن اورکرپشن کیسز کے فیصلوں پر ہیں اگر ا س بار طاقتوروں کا محاسبہ ہو گیا تو پھر قیامت تک کیلئے کوئی شخص ملکی وسائل کو شیر مادر کی طرح ہڑپ کرنے کی جرات نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہاکہ لوٹ مار کی دولت کے سہارے پر ووٹ کو عزت دو کی ڈرامہ بازی جاری ہے لیکن اس ڈرامے کی عمر زیادہ نہیں عوام جانتے ہیں کہ یہ وہی ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے کروڑوں غریب عوام کے بچوں کو تعلیم،صحت،صاف پانی کی بنیادی سہولت سے محروم رکھا اور غریب اور کمزور طبقات کی زندگیوں میں زہر گھولا، سیاست کو کاروبار میں تبدیل کیا۔


ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ آج کل قاتل اعلیٰ پنجاب بچت کرنے کے نام پر قوم کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہے ہیں،انکی بچت کی حقیقت جاننے کیلئے 2016-17 کی بجٹ دستاویزات کا مطالعہ کافی ہے۔2016-17میں وزیر اعلیٰ ہاﺅس پنجاب کا بجٹ 42کروڑ 35لاکھ روپے تھا جبکہ خرچ 72کروڑ 19لاکھ کئے گئے۔قاتل اعلیٰ پنجاب نے تحائف دینے کے نام پر 2کروڑ 42لاکھ روپے کا بجٹ مختص کروایا جبکہ خرچ 8کروڑ 62لاکھ کئے،پٹرول کی مد میں ایک کروڑ 69لاکھ روپے کا بجٹ تھا خرچ 3کروڑ 19لاکھ کئے گئے۔بچت کے دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں،آخری سانسوں پر بھی یہ قاتل اور کرپٹ ٹولہ رائے عامہ کو گمراہ کرنے سے باز نہیں آ رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ بچت ڈرامہ کرنے والوں کی آشیانہ ہاﺅسنگ سوسائٹی ،صاف پانی کی فراہمی کے فراڈ منصوبے نیب کے پاس زیر تفتیش ہیں اور اس ضمن میں فرنٹ مینوں کی گرفتاریاں بھی عمل میںآ چکی ہیں۔