گجرات میں لڑکی کی لاش کی بے حرمتی کا واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

گجرات میں لڑکی کی لاش کی بے حرمتی کا واقعہ، وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس

 
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں معذور لڑکی کی لاش کی بے حرمتی کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے گجرات میں خاتون کی لاش کی بے حرمتی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیدیا۔

پولیس   قبرستان اور اس کے گرد و نواح کے علاقوں  میں ملزمان کی تلاش کر رہی ہے، گجرات کے تھانہ ٹانڈہ کے ایس ایچ او ظفر اقبال  کا کہنا ہے کہ  اب تک 12 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق اسی گاؤں سے ہو سکتا ہے لہٰذا گاؤں کے تمام گھروں کے بالغ مردوں کا ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔

ایس ایچ او ظفر اقبال نے بتایا کہ لاش کا ڈی ایچ کیو ہسپتال گجرات سے پوسٹ مارٹم کروایا گیا ہے جس میں لاش پر کوئی زخم وغیرہ نہیں پایا گیا۔پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے دوران لاش کے اجزا حاصل کر کے حتمی تجزیے اور رپورٹ کے لیے پنجاب کیمیکل ایگزامینر لاہور بھجوا دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ معذور بچی کی لاش کا پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد پولیس کے سخت حفاظتی پہرے میں گزشتہ روز  جمعرات کو اسے دوبارہ سپرد خاک کر دیا گیا تھا۔


واضح رہے کہ ضلع گجرات کے قصبہ ٹانڈہ سے 15 کلو میٹر دور ایک گاؤں چک کمالہ میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 18 سالہ ذہنی و جسمانی معذور خاتون کی 4 مئی کو انتقال ہوا اور اسی روز  خاتون کو  شام چھ بجے گاؤں کے مقامی قبرستان میں دفن کر دیا گیا اور اہل خانہ معمول کے مطابق گھروں کو واپس چلے گئے۔جب گزشتہ روز  5مئی کو صبح سات بجے اہل خانہ فاتحہ خوانی کے لیے قبرستان پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ قبر کھودی گئی ہے اور لاش غائب ہے۔انہوں نے اردگرد تلاش کی تو لگ بھگ 25 میٹر دور دو پکی قبروں کے درمیان ان کی بھانجی کی برہنہ لاش پڑی ہوئی تھی۔جس کے بعد واقعے کی خبر گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور  موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دیں۔

مصنف کے بارے میں