گرین لائن بس منصوبہ، ایم اے جناح روڈ بند، متبادل روٹ پلان جاری

گرین لائن بس منصوبہ، ایم اے جناح روڈ بند، متبادل روٹ پلان جاری
کیپشن: image by facebook

کراچی: شہر قائد میں جاری گرین لائن منصوبے کے ترقیاتی کام کے باعث ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کی روانی کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں گرین لائن بس منصوبے کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اب یہ شہر کی مصروف ترین شاہراہ تک پہنچ گیا۔

تعمیراتی کام کے دوران کسی بھی نقصان سے بچنے کے لیے انتظامیہ اور ٹریفک پولیس نے ایم اے جناح روڈ کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل روٹ پلان جاری کردیا۔

محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم اے جناح روڈ کو 2 مرحلوں میں ٹریفک کے لیے بند کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں کیپری سینیما سے نمائش چورنگی تک سڑک بند رہے گی۔

اسی طرح ایم اے جناح رڈ گرومندر سے نمائش آنے والی سڑک پر ٹریفک کی روانگی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جو متبادل روٹ پلان جاری کیا گیا اُس کے مطابق صدر سے کیپری آنے والے ٹریفک کو سولجر بازار کی طرف موڑا جائے گا جبکہ لیاقت آباد کی طرف جانے والے افراد صدر کے راستے کوریڈی تھری استعمال کریں گے۔

محکمہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پریشانی سے محفوظ رہنے کے لیے ہدایت پر عمل کریں تاکہ شہر میں ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔