انڈو نیشیا میں ہزاروں افراد روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

انڈو نیشیا میں ہزاروں افراد روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کیخلاف سڑکوں پر نکل آئے

جکارتہ: انڈو نیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہزاروں افراد برما حکومت اور فوج کی طرف سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، برما کے سفارت خانے کا   گھیراؤ،  انڈونیشین حکومت سے برما  کا سفارت خانہ بند ،سفارتی تعلقات منقطع اور سفیر سمیت دیگر عملے کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہزاروں مسلمان ، مذہبی جماعتوں،سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیمیں برما حکومت ،فوج اور شدت پسند بدھسٹ تنظیموں کی جانب سے روہنگیا کے مظلوم مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں ،برما کے خلاف دن بھر جاری رہنے والی ریلیوں میں بچوں ،خواتین ،بزرگوں اور جوانوں نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ہزاروں مظاہرین نے جکارتہ میں قائم برما کے سفارت خانے کا گھیراؤ بھی کیا اور برما حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا ،اس موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔مظاہرین نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر برما سے سفارتی تعلقات منقطع کرتے ہوئے سفاک ملک کا سفارت خانہ بنداور سفیر سمیت دیگر سفارتی عملے کو ملک بدر کرے ۔

مظاہرین میں شامل ملک کی بڑی مذہبی تنظیم ’’اسلامک ڈیفینڈرفرنٹ ‘‘کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ برما حکومت مسلمانوںکا جس طرح قتل عام جاری رکھے ہوئے ہے پوری دنیا اس سفاکی کے خلاف میدان میں نکلے ،اسلامی ممالک برما کا تجارتی بائیکاٹ کرتے ہوئے تمام سفارتی تعلقات کو منقطع کریں۔

اس موقع پر سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان نے بھی بڑی تعداد میں سڑکوں پر آتے ہوئے برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔