اسلام آباد: ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو سکتی ہے، جس کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، کابل، چناب، سوات، چترال، ہنزہ اور دیگر علاقوں کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں واضح اضافہ متوقع ہے۔ شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے جہلم اور اس سے منسلک نالوں میں اچانک طغیانی آ سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی پانی کی سطح تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔
جنوبی بلوچستان کے اضلاع آواران، خضدار، جھل مگسی اور قلعہ سیف اللہ کو بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی حالات پر گہری نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔