ڈہرکی کے قریب ٹرین کا خوفناک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 48 ہو گئی

ڈہرکی کے قریب ٹرین کا خوفناک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 48 ہو گئی
کیپشن: ڈہرکی کے قریب ٹرین کا خوفناک حادثہ، جاں بحق افراد کی تعداد 48 ہو گئی
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

گھوٹکی: ڈہرکی کے قریب ٹرین کے خوفناک حادثے میں ملت ایکسپریس کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اترکرمخالف ٹریک پر آ گئیں، دو منٹ بعد ہی سرسید ایکسپریس گرنے والی بوگیوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 48 ہو گئی اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔

بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کا کام جاری  ہے، ریسکیو ورکرز کے ساتھ پاک فوج ، رینجرز کے دستے اور آرمی ہیلی کاپٹرزبھی امدادی کارروائیوں میں شریک  ہیں۔

زخمیوں کو سول اسپتال گھوٹکی،ڈہرکی ،رحیم یار خان اور پنوعاقل کے اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے ، ملت ایکسپریس کراچی سے سرگودھا اور سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی ۔

حادثہ ڈہرکی اور ریتی لین اسٹیشن کے قریب پیش آیا جس میں ملت ایکسپریس کی 8 اور سرسید ایکسپریس کے انجن سمیت 3 بوگیں پٹڑی سےاترگئیں۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے چند گھنٹے بعد علاقے میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ زخمیوں اور جاں بحق افراد کو صادق آباد، ڈہرکی اور میرپور ماتھیلو کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

ڈی ایس ریلوے طارق لطیف کے مطابق ملت ایکسپریس کی 8 بوگیاں 3 بجکر 38 منٹ پر ٹریک سے اتریں اور اس کے ٹھیک 2 منٹ بعد ہی سرسید ایکسیریس متاثرہ بوگیوں سے ٹکراگئی، حادثے میں اپ ٹریک کا 1100 فٹ اور ڈاؤن ٹریک کا 300 فٹ کا حصہ متاثر ہوا۔

کمشنر سکھر نے اب تک 48 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جب کہ 100 کے قریب مسافر زخمی ہیں۔

ریلوے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ریلوے کے 4 ملازمین بھی شامل ہیں جن میں 2 پولیس اہلکار ہیں۔ دونوں اہلکار سر سید ایکسپریس پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے اور انہوں نے خانیوال اسٹیشن سے ڈیوٹی جوائن کی۔

ریلوے حکام نے حادثے کی تحقیقات کے لیے 21 گریڈ کے افسر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جب کہ ریلوے نے حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے 15 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے، زخمیوں کو ان کے زخموں کی نوعیت کے حوالے سے کم سے کم 50 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 3 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔

ترجمان ریلوے کے مطابق روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ کی طرف روانہ کردی گئی ہے، ریلوے اور مقامی پولیس، مقامی انتظامیہ ریلیف کے لیے موقع پر موجود ہیں جب کہ مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی، سکھر، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ہیلپ سینٹر قائم کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر خیرپور نے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا ہے اور مسافر اس نمبر (03325895316)  پر رابطہ کر سکتے ہیں۔