پنجاب کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا

پنجاب کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پنجاب کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 14 جون کو پیش کیا جائے گا اور ذرائع کاکہنا ہے کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں 4 کھرب 80ارب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی ابتدائی تجاویز جبکہ لاہور کیلئے 62ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج مختص کرنے کی تجاویز بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔

نئے مالی سال میں 2کھرب 65 ارب روپے جاری ترقیاتی سکیموں کیلئے مختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ ایک کھرب 30 ارب روپے سے پنجاب میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کو ایک ارب 90 کروڑ روپے ترقیاتی سکیموں کیلئے دیئے جائیں گے،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے پنجاب حکومت سے آئندہ مالی میں 78 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز طلب کر لئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں ہیلتھ انشورنس پروگرام کے یونیورسل ہیلتھ کوریج منصوبے کیلئے 60 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ، گوجرانوالہ میں ڈی ایچ کیو میں سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک ارب 23 کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف میڈیکل کالج، گجرات یونیورسٹی اور ڈی ایچ کیو گجرات کیلئے 35کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ملتان میں نئے بلاک کی تعمیر کیلئے محکمہ صحت پنجاب نے 70 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں جبکہ پی کے ایل آئی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے بجٹ میں ایک ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مانگے ہیں۔