ہمارے 83 اراکین نے پیسے لیے بغیر گیلانی کو ووٹ دیا: خرم دستگیر خان

Our 83 members voted for Gilani without paying: Khurram Dastagir Khan
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ مجھے اس بات کا قطعی علم نہیں ہے کہ سینیٹ الیکشن میں کس نے پیسہ لیا، میں صرف اتنا جانتا ہوں کہ ہمارے اراکین نے بغیر پیسوں کے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا تھا۔

خرم دستگیر نے یہ بات ایک نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ یہ بات حقیقت ہے کہ اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے ٹکٹ کو کنفرم کرنے بارے رابطہ ضرور کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد صرف ایک تھا کہ سینیٹ انتخابات میں اپنے ووٹ پورے کرنے ہیں، ہمیں نہیں پتا کہ کس نے پیسے لئے یا کس نے پیسے دیئے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے ٹکٹ کنفرم کرنے کیلئے بات کی تھی، تاہم مجھے اس بات کا قطعی طور پر علم نہیں ہے کہ کتنے لوگوں کو ٹکٹیں کنفرم کی گئی تھیں۔

پروگرام کے دوران اینکر نے بھی دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف گیلانی کو مکمل علم تھا کہ انھیں سینیٹ انتخابات میں کون کون سے اراکین ووٹ دیں گے کیونکہ ایک رکن اسمبلی نے خود انھیں بتایا کہ گیلانی صاحب بتا رہے تھے کہ فلاں میرا بندہ ہے اور فلاں بھی ہمارے ساتھ ہے، یہ بات وہ انگلی کے اشارے سے اراکین اسمبلی کو پوائنٹ کرتے ہوئے کہہ رہے تھے۔

اس کا جواب دیتے ہوئے خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے سیاسی کھیل کے بارے میں کسی قسم کا جواب نہیں دے سکتا۔ میں تو صرف اتنا جانتا ہوں کہ ناصرف ایم ایم کے چودہ اراکین نے بھی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کو ووٹ دیا جبکہ ہمارے پورے اراکین کے ووٹ بھی انھیں ہی ملے تھے۔