Get Alerts

صحافیوں نے بھارتی دعوؤں کو بے نقاب کیا، بیانیے کی جنگ سچ سے جیتی جاتی ہے، عطا تارڑ کا سیمینار سے خطاب

صحافیوں نے بھارتی دعوؤں کو بے نقاب کیا، بیانیے کی جنگ سچ سے جیتی جاتی ہے، عطا تارڑ کا سیمینار سے خطاب

اسلام آباد:سینٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیرِ اہتمام "معرکہِ حق" کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں ایک پروقار سیمینار منعقد کیا گیا، جس سے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وفاقی وزیر مصدق ملک نے خطاب کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے "معرکہِ حق" کی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس معرکے سے نہ صرف پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا بلکہ دشمن کے جھوٹے پروپیگنڈے کو بھی شکست فاش ہوئی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جنگ کے طریقے اور تقاضے مکمل طور پر بدل چکے ہیں۔ اب یہ صرف سرحدوں کی نہیں بلکہ بیانیے کی جنگ ہے، جس میں حقائق اور سچائی ہی سب سے بڑا ہتھیار ہیں۔ انہوں نے کہا  ہمارے بیانیے کی فتح ہوئی ہے کیونکہ قوم، حکومت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ صحافیوں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کر کے بھارتی دعوؤں کے غبارے سے ہوا نکال دی اور سچ دنیا کے سامنے رکھا۔
وزیر اطلاعات نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی اپنے اندرونی معاملات اور عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہمیشہ "فالس فلیگ آپریشنز" کا سہارا لیتا رہا ہے، جو کہ اس کی پرانی تاریخ ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ واقعے کے فوری بعد ایف آئی آر کا اندراج آج بھی ایک بڑا سوالیہ نشان ہے جو بھارتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔
اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے دو قومی نظریے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بنیاد اسی نظریے پر ہے اور آج کے حالات نے ثابت کر دیا ہے کہ یہ نظریہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے، جبکہ پاکستان کی تمام قربانیاں عالمی امن کی خاطر ہیں۔
سیمینار کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر تیار ہے اور سچائی کی یہ جنگ جاری رہے گی۔

ٹیگز: