ایف آئی اے نے مجھے بغیر وارنٹ حراست میں لیا: حامد زمان

ایف آئی اے نے مجھے بغیر وارنٹ حراست میں لیا: حامد زمان

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ممبر حامد زمان نے کہا ہے کہ مجھے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بغیر وارنٹ کے حراست میں لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنماءحامد زمان کی جانب سے گرفتاری کے بعد سامنے آنے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ایف آئی اے حکام نے میرے دفتر میں آ کر مجھے ساتھ چلنے کیلئے کہا۔ 
حامد زمان کا کہنا ہے کہ جب میں نے ایف آئی اے اہلکاروں سے وارنٹ دکھانے کو کہا تو انہوں نے ایف آئی آر دکھائی اور نہ ہی وارنٹ دکھائے، میں نے ایف آئی اے سے فارن فنڈنگ کیس میں مکمل تعاون کیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحقیقات میں شامل ہونے پر ایف آئی اے کی جانب سے مجھے سوالنامہ دیا گیا تھا اور وکلاءسے مشاورت کے بعد اس سوالنامے کے جواب بھی جمع کرا دئیے تھے۔ 
واضح رہے کہ فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی ممبر حامد زمان اور سینیٹر سیف اللہ نیازی کو آج گرفتار کر لیا گیا تاہم ایف آئی اے کی جانب سے سیف اللہ نیازی کی گرفتاری کی تردید کی گئی۔ 
ترجمان ایف آئی اے کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا کہ سینیٹر سیف اللہ نیازی کو سینیٹ کے احاطے سے گرفتاری کی خبریں بے بنیاد ہیں اور اب تک ایف آئی کے کسی بھی ونگ نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔

مصنف کے بارے میں