پاکستان کو تباہ کرنے والے شہباز شریف کی پریس کانفرنس جعلسازی کامجموعہ تھی: پی ٹی آئی

پاکستان کو تباہ کرنے والے شہباز شریف کی پریس کانفرنس جعلسازی کامجموعہ تھی: پی ٹی آئی

لاہور:  پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ مستحکم اور خوشحالی کی منزلیں طے کرتے پاکستان کو تباہی، انتشار اور لاقانونیت کی دلدل میں دھکیلنے والے مجرم کی پریس کانفرنس جعلسازی، جھوٹ اور خرافات کا مجموعہ تھی۔

پاکستان تحریک انصاف  نے سابق وزیر اعظم شہباز شریف کی پریس کانفرنس پر ردِعمل ظاہر کرتے ہوئےپارٹی ترجمان  کہا کہ اپنے عیارانہ بیانیے اور مکارانہ گفتگو سے ایک قومی مجرم نے ریاست اور عوام کو فریب کے جال میں پھانسنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے بھائی نے مہنگے ایندھن کے منصوبوں میں پاکستان کو جکڑا، شہباز شریف نے آئین جمہوریت اور سیاسی نظام کی تباہی کا سامان کیا۔

پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ اب بھی غیرت و حمیّت سے محروم ٹبّر خفیہ ڈیلوں اور منصوبوں کے ذریعے جمہوریت، آئین اور عوام کے ووٹ کی لاشوں پر اپنے اقتدار کی کرسی بچھانا چاہتا ہے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن صدر اور سابق وزیر اعظم شہبازشریف نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ  قانونی اور طبی ٹیم نے میاں نواز شریف کو وطن واپسی کی اجازت دے دی ہے۔ نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس آ رہے ہیں اور ترقی کا سفر ادھر سے ہی شروع کریں گے جہاں 2017 میں رکا تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان میں جلد سے جلد شفاف الیکشن ہوں۔ جو جیتے ہمیں ماننا ہوگا۔موقع ملا تو نوازشریف اگلے وزیراعظم ہوں گے،شہبازاسپیڈ اصل میں نوازاسپیڈ ہے ۔نوازشریف 21اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسے سے خطاب   میں  معاشی پلان دیں گے۔

مصنف کے بارے میں