اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں پاکستان کی عالمی سفارتی کامیابی پر ملک بھر میں جمعہ کے روز 'یومِ تشکر' منانے کا باضابطہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مذاکرات کی مکمل کامیابی کے لیے اللہ کے حضور خصوصی دعائیں کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو اب باقاعدہ طور پر امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کا تاریخی اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کا وقار آج پوری دنیا میں بلند ہوا ہے۔ ہم عارضی جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، ہمارا مقصد خطے کو آگ کے شعلوں سے بچا کر پرامن بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تزویراتی بصیرت اور مخلصانہ کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ کابینہ ارکان نے اس غیر معمولی کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے ایک مضبوط ستون بن کر ابھرا ہے۔
جمعہ کے دن ملک بھر میں شکرانے کے نوافل اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی۔پاکستان امریکا اور ایران کی قیادت کے درمیان براہِ راست بات چیت کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا پوری قوم کے سر ہے جس کی دعاؤں سے ناممکن ممکن ہوا۔