پاکستان نے انڈر19ایشیا کپ بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا

پاکستان نے انڈر19ایشیا کپ بھارت سے منتقل کرنے کا مطالبہ کردیا

لاہور: پاکستان نے انڈر 19ایشیا کپ کی بھارت سے منتقلی کا مطالبہ کر دیا۔پاکستان اور بھارت کے مابین باہمی کرکٹ سیریز ایک عرصے سے تعطل کا شکار ہے،2012/13میں گرین شرٹس نے3ون ڈے میچز کیلیے پڑوسی ملک کا دورہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ دونوں روایتی حریف ٹیمیں 8بارانٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں آمنے سامنے ہوئی ہیں۔

ورلڈٹی ٹوئنٹی2016میں پاکستان ٹیم نے میزبان بھارت کیخلاف ایک میچ کھیلا، سیکیورٹی مسائل کی وجہ سے اس کا وینیو بھی تبدیل کرنا پڑا تھا، ان حالات میں گرین شرٹس کی انڈر 19 ایشیا کپ میں شرکت پر بھی سوالیہ نشان موجود ہے، پی سی بی نومبر میں بنگلور میں شیڈول ایونٹ کیلیے ٹیم بھجوانے کے حوالے سے تشویش میں مبتلا اور میزبانی بھارت کے بجائے کسی اور ملک کو دینے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

ویب سائٹ کرک انفو کو انٹرویو میں بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ اور متوقع چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ایشین کرکٹ کونسل اجلاس کے دوران 12اگست کو اس معاملے میں ہم تحفظات کا اظہار کرینگے،بھارت اور پاکستان کے علاوہ بھی کئی وینیوز ہیں جہاں ایونٹ کرایا جا سکتا ہے۔

پی سی بی کے ایک عہدیدار نے کہاکہ اے سی سی کا اہم رکن ہونے کی حیثیت سے پاکستان اس ٹورنامنٹ میں شرکت کا خواہاں لیکن موجودہ حالات میں بھارت جاکر کھیلنا ممکن نظر نہیں آتا، ویزوں کے اجرا اور میدان سے باہر سیکیورٹی مسائل ہونگے، ہم نہیں چاہتے کہ ایونٹ شروع ہونے سے قبل ہی مشکلات کا سامنا کریں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں