لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں بسنت کے دوران حفاظتی ایس او پیز پر عمل کرنے پر شہریوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ "مجھے خوشی ہے کہ لاہور والوں نے ہمارے اعتماد کی لاج رکھی، شاباش لاہور۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "لاہور آج بہت خوش ہے، اور میں بھی خوش ہوں۔ لاہور والوں نے قواعد و ضوابط پر عمل کر کے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا۔" مریم نواز نے یہ بھی بتایا کہ خوشی اور حفاظت کا توازن برقرار رکھتے ہوئے بسنت کا جشن منایا گیا، اور وہ خوش تھیں کہ مقررہ سائز اور پنے کے علاوہ کوئی ممنوع ڈور استعمال کرنے کی شکایات نہیں آئیں۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ "چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق محفوظ بسنت منائی گئی، اور دھاتی تار کے استعمال سے اجتناب کیا گیا جس کی وجہ سے ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے۔"
مریم نواز نے کہا کہ لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی سیف بسنت کا تصور اپنایا جائے گا، تاکہ یہ تہوار محفوظ طریقے سے منایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ "ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال بھی متعین کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً مدد فراہم کی جا سکے۔" انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ "آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے، اس لیے احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں۔"