لاہور : پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے محفوظ بسنت کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور عوام کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لاہور کے آسمان پر رنگوں کی واپسی اور بسنت کا کامیاب انعقاد پنجاب کے اہل قیادت اور عوام کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کے عوام نے محفوظ بسنت منا کر ایک شاندار مثال قائم کی ہے کہ جب سب مل کر ایک مقصد کے لیے کام کرتے ہیں تو ناممکن کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی دو سال کی مسلسل محنت کو سراہا، جس کے باعث شہر کی فضائی آلودگی کم ہوئی اور لاہور کو ایک صاف ستھری فضا مل سکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں فضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے ایک جنگ لڑی گئی، جس میں پنجاب کے تمام شعبوں، صنعتوں، فیکٹریوں، گاڑیوں، رکشوں اور ہوٹلوں کے مالکان نے بھرپور تعاون کیا۔ مریم اورنگزیب کے مطابق، لاہور کی بہتر ایئرکوالٹی وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن اور عوام کی محنت کا انعام ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں اور عوام کے تعاون سے پنجاب میں ہر شعبے میں ترقی اور کامیابی کی نئی مثال قائم کی جائے گی۔