Get Alerts

پی آئی اے کی نجکاری: چار بڑی کمپنیاں بولی کے اگلے مرحلے کے لیے منتخب

پی آئی اے کی نجکاری: چار بڑی کمپنیاں بولی کے اگلے مرحلے کے لیے منتخب

اسلام آباد : پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس کے تحت چار کمپنیوں یا کنسورشیمز کو بولی کے اگلے مرحلے کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیرصدارت نجکاری کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آٹھ امیدوار کمپنیوں کی جانب سے جمع کرائے گئے دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد چار کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

منتخب ہونے والوں میں لکی سیمنٹ گروپ، عارف حبیب گروپ، فوجی فرٹیلائزر کمپنی اور ایئر بلیو شامل ہیں۔ ان اداروں کو آئندہ مرحلوں میں مزید جانچ اور مالیاتی تجزیے کا سامنا ہوگا۔

سرکاری حکام کے مطابق، پی آئی اے کے 51 فیصد حصص کی فروخت اکتوبر 2025 میں متوقع ہے۔ ابتدائی دلچسپی کا اظہار کرنے والوں میں آٹھ بڑی کاروباری کمپنیاں شامل تھیں، جنہوں نے مقررہ تاریخ 19 جون تک اپنی دستاویزات جمع کرائی تھیں۔

دلچسپی ظاہر کرنے والے گروپس میں فاطمہ فرٹیلائزر، ہب پاور، اے کے ڈی گروپ، سیرین ایئر، کوہاٹ سیمنٹ، میٹرو سیمنٹ اور سردار ڈی بلوچ کمپنی شامل تھیں۔ تاہم، کسی غیر ملکی کمپنی نے اس مرحلے پر بولی میں شرکت نہیں کی۔

نجکاری کمیشن کے مطابق، شارٹ لسٹ کی گئی کمپنیوں کو آئندہ 30 دنوں میں پی آئی اے سے متعلق مالیاتی اور آپریشنل معلومات فراہم کی جائیں گی، جس کے بعد وہ حتمی بولی میں حصہ لے سکیں گی۔

ٹیگز: