اسلام آباد: خواتین کے عالمی دن کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی خواتین کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔
اس سال خواتین کے عالمی دن کا موضوع ’’حقوق، انصاف اور عمل: تمام خواتین اور بچیوں کے لیے‘‘ رکھا گیا ہے، جو خواتین کے حقوق کے تحفظ اور مساوی مواقع کے عزم کا اظہار ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ قائداعظم اور شہید بے نظیر بھٹو نے خواتین کی مساوی شرکت کی اہمیت اجاگر کی، جبکہ فاطمہ جناح اور بیگم نصرت بھٹو کی جدوجہد خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مساوی حقوق سے تعلیم، روزگار اور تحفظ ممکن بنتا ہے اور دیہی خواتین بھی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خواتین کی مساوی شمولیت اور حقوق کی حفاظت ملکی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے خواتین کی محنت، عزم اور ہر شعبے میں خدمات کو قومی فخر قرار دیا اور حکومت کا عزم دہرایا کہ خواتین کو بلا امتیاز ہر سطح پر اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا ماحول فراہم کیا جائے۔