جمشید دستی گرفتاری کے بعد 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل

جمشید دستی گرفتاری کے بعد 14 روزہ ریمانڈ پر جیل منتقل

ملتان: عوامی راج پارٹی کے سربراہ اور ممبر قومی اسمبلی جمشید دستی کو مظفر گڑھ میں ڈینگا کینال کھولنے پر گرفتار کر کے آج علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر کے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل ملتان بھیج دیا گیا۔ یاد رہے کاشت کاروں کی نہری پانی کی بندش کی شکایت پر جمشید دستی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر مظفر گڑھ میں 28 مئی کو ہیڈ کالو کے علاقہ میں ڈینگا کینال کو غیر قانونی طور پر کھول دیا تھا۔

جمشید دستی کی اس چالاکی کا جواب محکمہ انہار نے ایک گھٹنے بعد نہر کو دوبارہ بند کر کے تو دیا ہی اور ساتھ میں تھانہ قریشی میں ان پر مقدمہ درج کروا کر ایف آئی آر سیل کروا دی تھی۔

 پولیس کے مطابق محکمہ انہار نے جمشید دستی کو مذکورہ گیٹ کھولنے سے منع کیا تھا جو گذشتہ کئی ماہ سے بند تھا۔ کوٹ ادو کے ایگزیکٹو انجینیئر مہر ریاض کے مطابق انھوں نے صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جبکہ پولیس کو بھی ایکشن لینے کی درخواست کی تھی۔

واضح رہے 2014 میں بھی جمشید دستی کے خلاف اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ٹیم پر حملے، سرکاری کام میں مداخلت، پولیس کی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور دھمکیاں دینے کے الزامات پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس پر انھوں نے اپنے ساتھیوں سمیت گرفتاری دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں