Get Alerts

مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ منتخب

 مجتبیٰ خامنہ ای ایران کے نئے رہبرِ اعلیٰ منتخب

تہران: ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے دوسرے بیٹے، 56 سالہ مجتبیٰ خامنہ ای کو ایران کا نیا سپریم لیڈر مقرر کر دیا گیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان نے ووٹنگ کے ذریعے انہیں اکثریت کی حمایت سے منتخب کیا، اور وہ ایران کے تیسرے سپریم لیڈر بن گئے ہیں۔

نو منتخب رہنما مجتبیٰ خامنہ ای ملک کے اعلیٰ ترین سیاسی اور مذہبی منصب پر فائز ہوں گے اور ان کے فیصلے ایران کی داخلہ اور خارجہ پالیسیز پر براہ راست اثر ڈالیں گے۔ سرکاری ذرائع نے ان کی تعیناتی کو تاریخی فیصلہ قرار دیا ہے۔

مجلس خبرگان نے ایرانی عوام سے اتحاد اور نئے سپریم لیڈر کے ساتھ وفاداری کا عہد کرنے کی اپیل کی ہے، اور کہا ہے کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی انتہائی اہم ہے۔

رپورٹس کے مطابق مجتبیٰ خامنہ ای کئی دہائیوں سے سپریم لیڈر کے قریبی حلقے میں ایک بااثر شخصیت کے طور پر جانے جاتے رہے ہیں اور ان کے پاسداران انقلاب کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے جانشینی کے معاملے پر کبھی کھل کر بات نہیں کی۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ان کی تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ملک کے لیے عزت اور طاقت کے نئے دور کا آغاز ہے۔ نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل علی لاریجانی نے کہا کہ موجودہ حساس حالات میں نیا سپریم لیڈر ملک کی رہنمائی کر سکتا ہے۔ مسلح افواج کی قیادت نے بھی مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ وفاداری کا اعلان کیا۔

دوسری جانب، امریکی اور اسرائیلی حکام نے خبردار کیا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر حساسیت برقرار ہے۔

ٹیگز: