Get Alerts

تربت میں 'گرین پیپلز بس سروس' کا آغاز: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے جدید ٹرانسپورٹ کا افتتاح کر دیا

تربت میں 'گرین پیپلز بس سروس' کا آغاز: وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے جدید ٹرانسپورٹ کا افتتاح کر دیا

تربت : وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت میں 'گرین پیپلز بس سروس' کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید بس سروس کیچ کے عوام کے لیے حکومت کی جانب سے ایک اہم تحفہ ہے، جس سے شہریوں کو عالمی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے زور دیا کہ حکومت ایسی جامع پالیسیاں تشکیل دے رہی ہے جن کا مقصد نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ وہ صوبے کی خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔
حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کے حوالے سے خوشخبری سناتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ     صوبے بھر میں طویل عرصے سے 3 ہزار 200 بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔    تعلیمی اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، جس سے دور دراز علاقوں کے بچوں کو تعلیم کے مساوی مواقع ملیں گے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا محض وعدوں تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات کی صورت میں عوام کے سامنے ہے۔ جدید ٹرانسپورٹ اور تعلیمی اداروں کی بحالی اس تبدیلی کا پیش خیمہ ہے جو ہم پورے صوبے میں لانا چاہتے ہیں۔

ٹیگز: