بلیڈ رنر 2049 چھا گئی، 3 روز میں 3 ارب 30 کروڑ کا بزنس

بلیڈ رنر 2049 چھا گئی، 3 روز میں 3 ارب 30 کروڑ کا بزنس

لاس اینجلس: امریکی باکس آفس پر رواں ہفتے تین نئی فلمیں ”بلیڈ رنر 2049“، ”دی ماﺅنٹین بیٹوین اس“ اور”مائی لٹل پونی: دی مووی“ نمائش کیلئے پیش کی گئیں۔ جن میں سے سائنس فکشن فلم ”بلیڈ رنر 2049“ چھا گئی جس نے تین دن میں تین ارب تیس کروڑ روپے کمائے۔

ہدایتکار ڈینس ویلینیو کی یہ سنسنی خیز فلم 1982ءمیں ریلیز ہونے والی فلم ”بلیڈ رنر“ کا سیکوئل ہے۔ فلم کی کہانی ایک امریکی پولیس اہلکار کے بارے میں ہے جو ایک ایسے راز کی کھوج میں نکل پڑتا ہے جو دنیا کو ہلا کر رکھ دے گا اور اسی تلاش میں وہ تیس برس قبل لاپتا ہوجانے والے بلیڈ رَنر تک پہنچنے میں بھی کامیاب ہو جاتا ہے۔

معروف اداکارہ کیٹ ونسلیٹ کی ایکشن اور ایڈونچر سے بھرپور فلم”دی ماﺅنٹین بیٹوین اس“ بھی اسی ویک اینڈ پر ریلیز کی گئی تھی۔ فلم صرف ایک ارب چھ کروڑ روپے کما سکی تاہم باکس آفس پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔ فلم کی کہانی طیارہ حادثے میں بچ جانے والی ایک خاتون اور مردکے گرد گھومتی ہے جو برف سے ڈھکے پہاڑوں پر شدید مشکلات کے باوجود ایک دوسرے کا ساتھ نبھاتے ہیں۔

گزشتہ ہفتے دوسرے نمبر پر رہنے والی فلم ”اٹ“ اس ہفتے تیسرے نمبر پر آ گئی۔ دل دہلا دینے والے مناظر پر مبنی فلم ”اِٹ“ 1986ءمیں لکھے گئے سٹیفن کنگ کے مشہور ہارر ناول سے ماخوذ ہے۔ فلم کی کہانی کے مطابق ایک قصبے ڈیری میں ننھے بچے بے فکری سے آزادانہ زندگی گزار رہے ہوتے ہیں۔ ہنستے کھیلتے ان بچوں پر ہوتی ہے سفاک قاتل کی نظر جو جوکر کا روپ دھارے ہوئے ہے اور پھر بچوں کے اغوا اور قتل شروع ہوجاتا ہے۔فلم اس ہفتے صرف ایک ارب سولہ کروڑ روپے کما سکی۔

تیسری نئی ریلیز ہونے والی فلم ”دی لٹل پونی: دی مووی“ کے حصہ میں چوتھی پوزیشن آئی جس نے اپنی نمائش کے ابتدائی تین روز میں 90کروڑ روپے کمائے جبکہ ”کنگز مین: دی گولڈن سرکل“ اپنے 82کروڑ روپے کے بزنس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر رہی۔

مصنف کے بارے میں