موثر خارجہ پالیسی کیلئے مستحکم معیشت ناگزیر ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

موثر خارجہ پالیسی کیلئے مستحکم معیشت ناگزیر ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مضبوط خارجہ پالیسی کے لئے مستحکم معیشت ناگزیر ہے۔ اس مقصد کے لئے پاکستان کو دوسرے ممالک کے ساتھ اپنی تجارت اور برآمدات کا حجم بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے اسلام آباد میں معاشی سفارتکاری کے بارے میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر اطمینان بخش ہے کہ پاکستانی مشنز اقتصادی تعاون اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لئے نئے مقامات دریافت کر رہے ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ کے لئے معاشی سفارتکاری کا عملی طور پر آغاز کر دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے عالمی اقتصادی اثرات سے نمٹنے اور اقتصادی استحکام کے حصول کے لئے مزید سخت محنت کرنا ہوگی۔ وزیرخارجہ نے اقتصادی سفارتکاری کے اقدام کے تحت اہداف کے حصول کے لئے شرکا کی طرف سے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔