اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم 20 ستمبر کو نیویارک پہنچیں گے، جہاں وہ جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ نیویارک کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت ان کے شیڈول کا اہم حصہ ہوگی۔ وزیراعظم 25 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے خطاب کریں گے اور عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی نیویارک جائیں گے، جبکہ وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد بھی دورے میں شریک ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہوگی۔
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دورۂ نیویارک کے دوران مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتوں کا امکان ہے۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور عالمی معاملات پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار اپنے مختلف ہم منصبوں کے ساتھ اہم امور پر بات چیت کریں گے، جبکہ ملاقاتوں میں باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال سمیت دیگر اہم معاملات زیرِ بحث آنے کی توقع ہے۔