عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا، حلیم عادل شیخ

People reject PDM's statement: Haleem Adil Sheikh
کیپشن: فائل فوٹو

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ عوام نے پی ڈی ایم کا بیانیہ مسترد کردیا، ان کا بیانیہ عمران خان کی کردار کشی اور اداروں کیخلاف تھا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے لاہور میں ناکامی پھر الیکشن کمیشن کے باہر سرکس لگایا، حیدر آباد میں ناکام سیاستدانوں کے ٹولے کی سرکس ہوئی۔ پی ڈی ایم کا حیدرآباد کا جلسہ بھی ناکامی سے دوچار ہوا۔ پی ڈی ایم نے جھوٹ کے ذریعے اپنا بیانیہ پیش کرنے کی کوشش کی۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ مریم نواز کیلبری فونٹ کی ماسٹر ہیں۔ پی ڈی ایم نے جو باتیں کہیں وہ جھوٹ اور فریب پر مبنی ہیں۔ اگر مولانا کو کسی نے کال کی ہے تو وہ اس کا ثبوت پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ پاکستان مخالف بیانیہ ہے۔ یہ وہ کمزور بکاؤ مال ہے جسے خرید لیا گیا ہے۔ نوازشریف کی گوجرانوالہ کے جلسے کی تقریر پاکستان مخالف تھی۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جس نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بیش بہا قربانیاں دیں۔ ملک میں امن کے قیام کیلئے 70 ہزار سے زائد جانیں قربان ہوئیں۔ آج پاک فوج کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہے۔

پی ڈی ایم کا بیانیہ اپنی موت آپ مرچکا اور اس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ نہ آر ہوا نہ پار، پی ڈی ایم ہوئی بے کار۔ جلسے میں آنے والے ناشتہ کرنے اور کھانے کیلئے آئے۔ جلسے میں آنے والی بسوں کا کرایہ ڈپٹی کمشنرز دیں گے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلاول بھٹو کو سندھ میں ہونے والی کرپشن کا جواب عوام کو دینا ہوگا۔