Get Alerts

فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلی بار تین ممالک میں افتتاحی تقریبات کا انعقاد ہوگا

 فیفا ورلڈ کپ 2026: پہلی بار تین ممالک میں افتتاحی تقریبات کا انعقاد ہوگا

میکسیکو:فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آغاز ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے، جہاں پہلی مرتبہ افتتاحی تقریبات ایک ہی ملک کے بجائے تین میزبان ممالک میں منعقد کی جائیں گی۔

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا مشترکہ طور پر 48 ٹیموں پر مشتمل اس توسیع شدہ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ اس بار تینوں ممالک اپنی اپنی ثقافت، روایات اور فنونِ لطیفہ کو عالمی سطح پر منفرد انداز میں پیش کریں گے، جبکہ تقریبات کا مرکزی پیغام اتحاد اور بین الاقوامی یکجہتی ہوگا۔

افتتاحی سلسلے کا آغاز 11 جون کو میکسیکو سٹی میں ہوگا، جہاں میکسیکو اور جنوبی افریقا کے درمیان افتتاحی میچ سے قبل رنگا رنگ تقریب منعقد کی جائے گی۔اس کے بعد دوسری افتتاحی تقریب 12 جون کو ٹورنٹو میں کینیڈا اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے میچ سے قبل ہوگی، جس میں کینیڈا کی ثقافتی تنوع کو موسیقی اور فنون کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔

تیسری اور آخری افتتاحی تقریب 13 جون کو لاس اینجلس میں امریکا اور پیراگوئے کے میچ سے قبل منعقد ہوگی، جہاں جدید ٹیکنالوجی اور عالمی فنکاروں کی پرفارمنس پیش کی جائے گی۔

افتتاحی تقریبات کے بعد ٹورنامنٹ کے باقاعدہ میچز کا آغاز ہو جائے گا اور تمام توجہ عالمی فٹبال مقابلوں پر مرکوز ہو جائے گی۔

ٹیگز: