کراچی: کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 9,300 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 56,200 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ تاہم انڈیکس ایک لاکھ 55,783 پوائنٹس پر پہنچنے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے معطل کر دی گئی۔
بعد ازاں ٹریڈنگ بحال ہونے پر مارکیٹ میں تیزی برقرار رہی اور کے ایس ای 100 انڈیکس 10,900 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 57,400 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ یہ حرکت گزشتہ روز کی شدید مندی کے بعد سامنے آئی تھی، جب انڈیکس 11,015 پوائنٹس کی کمی کے بعد ایک لاکھ 46,480 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب عالمی مالیاتی منڈیاں دباؤ کا شکار ہیں۔ امریکا کی ڈاؤ جونز مارکیٹ میں تقریباً 1,000 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی، جاپان اور جنوبی کوریا کی سٹاک مارکیٹیں تقریباً 7 فیصد نیچے گئیں، جبکہ بھارت کی نفٹی مارکیٹ میں تقریباً 3 فیصد کمی ہوئی ہے۔