اسلام آباد/بیجنگ : چین کے معروف تجزیہ کار اور سینٹر فار چائنا اینڈ گلوبلائزیشن کے نائب صدر وکٹر گاؤ نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے فوری جنگ بندی اور تحمل کا مطالبہ کیا ہے۔
چینی نشریاتی ادارے سی جی ٹی این سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر یہ کشیدگی جوہری سطح تک پہنچی تو عالمی امن کو سنگین خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
وکٹر گاؤ نے جے ڈی وینس کی نئی دہلی میں موجودگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر بھارت کی جانب سے کارروائی کے آغاز نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے، کیا کسی بین الاقوامی حمایت یا عسکری تعاون کا عندیہ بھارت کو دیا گیا تھا؟
انہوں نے پاک چین تعلقات کو ’لوہے جیسے مضبوط‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں امن و استحکام کی حمایت کرتا ہے۔