واشنگٹن: امریکا نے غزہ میں جاری جنگ بندی کے معاہدے کی نگرانی کے لیے 200 اہلکاروں پر مشتمل ایک بین الاقوامی فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایک سینئر امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ اس فورس میں مصر، قطر، ترکی اور ممکنہ طور پر متحدہ عرب امارات کے فوجی بھی شامل ہوں گے، جن کا کام جنگ بندی کی نگرانی اور کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی یا دراندازی کو روکنا ہوگا۔
تاہم، امریکی عہدے دار نے واضح کیا ہے کہ کوئی بھی امریکی فوجی غزہ میں تعینات نہیں کیا جائے گا۔ اس کے بجائے، امریکی سینٹرل کمانڈ اسرائیل میں ایک سول ملٹری کوآرڈینیشن سینٹر قائم کرے گی جو اس بین الاقوامی فورس کے رابطے اور انضمام کا مرکزی نقطہ ہوگا۔ یہ سینٹر انسانی امداد کی ترسیل اور سکیورٹی معاونت میں بھی مدد فراہم کرے گا۔
اس بین الاقوامی فورس کی سربراہی امریکی سینٹرل کمانڈ کے چیف ایڈمرل بریڈ کوپر کریں گے۔ اب تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ فورس کہاں تعینات کی جائے گی، تاہم امریکا اس جنگ بندی کے نفاذ اور استحکام میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔