اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے فلسطین کے معاملے پر اپنے مشترکہ مؤقف اور فلسطینی عوام کی حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی صورتحال پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
اسحاق ڈار اور حاقان فیدان نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر برطانیہ کی جانب سے پابندی کے فیصلے کی حمایت کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی امور پر سعودی عرب اور مصر کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر بھی زور دیا۔