واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کے مفاد میں آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران جنگ میں شدید مشکلات کا شکار ہے اور بری طرح شکست کھا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران کی بحری اور فضائی قوت کمزور ہو چکی ہے جبکہ دفاعی دفاعی نظام بھی مؤثر طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ریڈار سسٹم، میزائل صلاحیتیں اور ڈرون سازی کی صنعت کو بڑا نقصان پہنچا ہے، جبکہ ملک کی قیادت بھی فعال نہیں رہی۔ ان کے مطابق ایران کے پاس اب صرف سمندری بارودی سرنگوں کی دھمکی باقی رہ گئی ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ بارودی سرنگیں بچھانے والی ایران کی 28 کشتیاں تباہ ہو چکی ہیں اور اب آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے صاف کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چین، جاپان، جنوبی کوریا، فرانس اور جرمنی جیسے ممالک کے مفاد میں کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر ممالک کے پاس یہ کام کرنے کی صلاحیت موجود نہیں۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک کے آئل ٹینکرز امریکا کا رخ کر رہے ہیں اور امریکا توانائی کی عالمی ضروریات پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ امریکی تیل اور گیس دنیا میں بہترین معیار کی حامل ہیں اور امریکا کے پاس بڑے ممالک کے مجموعی ذخائر سے بھی زیادہ تیل موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئل ٹینکرز کو فوری لوڈنگ اور تیز رفتار واپسی کی سہولت دی جائے گی، اور جلد واضح ہو جائے گا کہ ایرانی وفد سنجیدہ مذاکرات کر رہا ہے یا نہیں۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اب دنیا یہ سمجھ رہی ہے کہ آبنائے ہرمز کے علاوہ بھی تیل کی ترسیل کے متبادل راستے موجود ہیں۔