واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز کے تمام حصے کو بارودی سرنگوں سے صاف کردیا ہے اور اس وقت آبی گزرگاہ کا مکمل کنٹرول امریکی بحریہ کے پاس ہے۔
اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر امریکی بحریہ کا ’’100 فیصد‘‘ کنٹرول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی ناکہ بندی فولادی دیوار کی مانند ہے اور اب صرف انہی جہازوں کو گزرنے کی اجازت دی جاتی ہے جنہیں امریکا اجازت دینا چاہتا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ صورتحال کچھ پیچیدہ ہے کیونکہ ایران کبھی کبھار آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا دیتا ہے، تاہم امریکی بحریہ ان سرنگوں کا سراغ لگا کر انہیں صاف کر رہی ہے۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بدستور محدود ہے اور خطے میں امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے