کوویکس کے تحت چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

کوویکس کے تحت چین سے کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچ گئی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: کوویکس کے تحت چین سے انسداد کورونا وائرس کی ویکسین کی پہلی کھیپ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین سائنو فارم کی 10 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچی ہیں اور سائنو فارم ویکسین کی یہ خوراکیں غیر ملکی پرواز کے ذریعے پاکستان پہنچائی گئی ہیں۔ 
سائنو فارم ویکسین کی ان 10 لاکھ خوراکوں کو دفتر خارجہ اور چینی سفارت خانے کے حکام نے وصول کیا جبکہ رواں ہفتے چین سے کوویکس کے تحت مجموعی طور پر 60 لاکھ کورونا وائرس کی سائنو فارم ویکسین کی ڈوزز آئیں گی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے مہلک وار جاری ہیں اور خطرناک وائرس آج مزید 81 افراد کی جان لے گیا جس کے بعد کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہزار 85 ہو گئی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 64 ہزار 690 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 856 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.50 فیصد رہی۔