لاہور : ارضِ وطن سے محبت اور وفاداری کے عزم کی تجدید کے لیے 79ویں جشنِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔
ٹیزر میں شہریوں کو یومِ آزادی کی تقریبات میں بھرپور شرکت اور سبز ہلالی پرچم کے ساتھ وطن سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کی دعوت دی گئی ہے۔
خصوصی پیغام میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ شبِ آزادی کو ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائیں اور یادگارِ فتح پر پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوکر جشن کی رونقوں میں اضافہ کریں۔
ٹیزر میں قوم کو متحد ہوکر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے عزم کو اجاگر کرنے کا پیغام بھی دیا گیا ہے، جبکہ ’’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘‘ کے نعروں کے ساتھ 79ویں جشنِ آزادی کو بھرپور انداز میں منانے پر زور دیا گیا ہے۔