چیف الیکشن کمشنر پاکستان کی آزاد کشمیر کے الیکشن کو شفاف بنانے کی یقین دہانی

چیف الیکشن کمشنر پاکستان کی آزاد کشمیر کے الیکشن کو شفاف بنانے کی یقین دہانی
کیپشن: چیف الیکشن کمشنر پاکستان کی آزاد کشمیر کے الیکشن کو شفاف بنانے کی یقین دہانی
سورس: فائل فوٹو

اسلام اآباد: پی آئی ڈی آزاد کشمیر سے جاری بیان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان راجہ فاروق نیاز اور فرحت علی میر نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ارکان نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان کو پولنگ کے دن مظفرآباد دورے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔

چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ 25 جولائی کو اپنے دورے کے دوران بعض پولنگ سٹیشنز بھی جائیں گے اور پولنگ کے عمل کا مشاہدہ کریں گے۔

انہوں نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے 12 حلقہ جات کی انتخابی فہرست کی تیاری کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

اسی طرح آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آمدہ عام انتخابات 2021ء کے لیے مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے بارہ حلقوں میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے افسران کو بطور ریٹرننگ افسر و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر تعینات کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان قانون کے مطابق انتخابات کے شفاف اور آزادانہ اور منصفانہ انعقاد میں آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔