Get Alerts

بجٹ 26-2025 : وفاقی حکومت کا کم از کم اجرت نہ بڑھانے کا فیصلہ

بجٹ 26-2025 : وفاقی حکومت کا کم از کم اجرت نہ بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کم سے کم اجرت میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا، اور اسے موجودہ سطح یعنی 37 ہزار روپے پر برقرار رکھا جائے گا۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم از کم تنخواہ کو مہنگائی کی شرح سے منسلک کیا جائے گا، تاہم اس وقت مالی حالات ایسے نہیں کہ اجرت میں اضافہ ممکن ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جو بھی اقدامات کر رہی ہے، وہ قرض لے کر کیے جا رہے ہیں اور اسی لیے اخراجات میں کمی لانا اب ناگزیر ہو چکا ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ بہت سی ایسی چیزیں جو ماضی میں کبھی پیچھے نہیں ہٹتیں تھیں، انہیں اب ریورس کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسٹرکچرل ریفارمز، ٹیرف میں تبدیلی، اور زرعی و لائیو اسٹاک شعبوں میں بہتری کی ضرورت پر بھی زور دیا، اور کہا کہ ان تمام امور پر صوبوں کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس سال وفاقی اخراجات میں صرف 2 فیصد سے کم اضافہ ہوا ہے، جو حکومتی کفایت شعاری کی نشاندہی کرتا ہے۔ یاد رہے کہ موجودہ کم از کم اجرت گزشتہ بجٹ میں 37 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی، جسے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ٹیگز: