نیویارک :پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی افغانستان میں موجود دہشت گرد تنظیموں کے لیے چھتری کا کردار ادا کر رہی ہے، اور ٹھوس شواہد موجود ہیں کہ کابل حکومت پاکستان میں ہونے والے حملوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔
منیر اکرم نے افغان عبوری حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں مختلف دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں، جن میں کالعدم ٹی ٹی پی سب سے بڑی اور خطرناک تنظیم ہے، جو سرحدی پناہ گاہوں سے پاکستان پر حملے کرتی ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی رپورٹ میں دہشت گردی کے حوالے سے کم تذکرے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مناسب لائحہ عمل پر بات کرے گا۔ اس کے علاوہ، منیر اکرم نے دوحہ عمل کے تحت انسداد دہشت گردی کے لیے ایک ورکنگ گروپ کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔