واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈین اسٹیل اور ایلومینیم پر پہلے سے عائد 25 فیصد ٹیکس کو 12 مارچ سے دوگنا کرنے کا اعلان کر دیا۔ یہ فیصلہ اونٹاریو کی جانب سے تین امریکی ریاستوں پر اضافی بجلی سرچارج لگانے کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ محصولات "امریکی صنعت کے مفاد میں" ہیں اور سیکریٹری آف کامرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ کینیڈا سے درآمد ہونے والے تمام اسٹیل اور ایلومینیم پر ٹیرف 50 فیصد تک بڑھایا جائے۔
دوسری جانب، کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکی محصولات کو "غیر منصفانہ" قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان کے ملک کی معیشت پر اس کے منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔
یہ نیا ٹیکس دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا کر سکتا ہے، کیونکہ اس سے قبل بھی اسٹیل اور ایلومینیم پر محصولات کے باعث امریکہ اور کینیڈا کے درمیان سخت بیانات کا تبادلہ ہو چکا ہے۔