Get Alerts

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت عالمی اہداف پر حملے شروع کر دیے

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آپریشن وعدہ صادق 4 کے تحت عالمی اہداف پر حملے شروع کر دیے

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے “آپریشن وعدہ صادق 4” کے تحت امریکی اور اسرائیلی اہداف کے خلاف حملوں کی نئی لہر شروع کر دی ہے۔ پاسداران کے بیان کے مطابق، 37 ویں مرحلے میں 3 گھنٹے تک مسلسل میزائل حملے کیے گئے۔ ان حملوں میں عراق کے شہر اربیل، بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈ کوارٹر، اور اسرائیل کے شہر تل ابیب اور حیفہ میں فوجی مراکز نشانہ بنائے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ مختلف قسم کے میزائل استعمال کیے گئے، جن میں متعدد وارہیڈز نصب تھے اور کچھ کا وزن تقریباً ایک ٹن تھا۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ آپریشن اس وقت شروع کیا گیا جب امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں شروع کیں۔

اسرائیل میں حملوں کے بعد بن گوریان ایئرپورٹ پر میزائل گرے، جس سے ہوائی اڈے کو نقصان پہنچا اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ لبنان سے کیے گئے میزائل حملے میں بھی اسرائیلی فوج کا کمیونیکیشن سسٹم متاثر ہوا اور 2 افراد زخمی ہوئے۔

ادھر بغداد میں امریکی وکٹوریہ ایئر بیس اور متحدہ عرب امارات میں بھی میزائل اور ڈرونز کے ذریعے حملے کیے گئے، جنہیں اماراتی دفاعی نظام نے ناکام بنایا۔ سعودی عرب نے بھی کئی بیلسٹک میزائل اور ڈرونز کو ناکارہ بنایا، جبکہ بحرین میں سائرن بجنے کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے سربراہ علی رضا تنگسری نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کسی بھی امریکی یا اتحادی فوجی بحری جہاز کو ایرانی میزائل اور خودکش ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے امریکی دعوے کو کہ آبنائے ہرمز میں ایک تیل بردار جہاز کو حفاظت فراہم کی گئی تھی، "بے بنیاد" قرار دیا۔

ٹیگز: