Get Alerts

وانا کیڈٹ کالج کے اندر موجود 3 خوارج کے خلاف آپریشن جاری

وانا کیڈٹ کالج کے اندر موجود 3 خوارج کے خلاف آپریشن جاری

وانا: وانا کیڈٹ کالج میں داخل ایک عمارت میں چھپے ہوئے تین افغان خوارج کے خلاف سکیورٹی فورسز کی کارروائی جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور افغانستان سے ہدایات لے رہے تھے اور کالج کے مرکزی اہداف کو نقصان پہنچانے کی نیت رکھتے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کیڈٹس کی رہائش گاہ سے کافی دور ایک عمارت میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔ فورسز نے کیڈٹس کی حفاظت کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے عمارت کی کلیئرنس انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ شروع کی ہے تاکہ طلبہ کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

واضح رہے کہ 10 نومبر کو افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی تھی، جس کے نتیجے میں گیٹ منہدم ہو گیا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔ اس دھماکے کے بعد پاک فوج کے جوانوں نے فوری اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو موقع پر ہلاک کر دیا تھا۔

سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک آخری دہشت گرد ختم نہ کیا جائے۔ ادھر سکیورٹی اہلکار خاص طور پر اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ان کارروائیوں کا اسلام یا پاکستانی عوام کی خوشحالی سے کوئی تعلق نہیں اور حملے معصوم قبائلی بچوں اور عام شہریوں کے خلاف ہیں۔

ٹیگز: