راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے۔
نالہ لئی کے کٹاریاں مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر بھی پانی کی سطح 19 فٹ تک ریکارڈ کی گئی۔ صورتحال کے پیش نظر سیلابی خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور نالہ لئی سے ملحقہ آبادیوں میں شہریوں کے انخلا کا عمل شروع کر دیا گیا۔
شدید بارش کے باعث صادق آباد، ڈھوک الٰہی بخش اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو نالہ لئی، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا اوسط 74 ملی میٹر سے زائد رہا، جبکہ اسلام آباد کے گولڑہ کے مقام پر سب سے زیادہ تقریباً 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیدپور میں 70 ملی میٹر، ایچ ایٹ میں 57 ملی میٹر اور بوکرا میں 40 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
راولپنڈی میں نیو کٹاریاں میں 59 ملی میٹر، پیرودھائی میں 51 ملی میٹر جبکہ شمس آباد اور گوالمنڈی میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح میں کمی کا رجحان شروع ہو گیا ہے تاہم کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر الرٹ برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اسلام آباد اور بالائی علاقوں میں مزید بارش کی پیشگوئی بھی کی ہے