راولپنڈی، اسلام آباد: جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور واسا سمیت متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 19 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 15 فٹ تک پہنچ گئی۔ بارش رکنے کے بعد پانی کی سطح میں کمی کا سلسلہ شروع ہوگیا، تاہم انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے باعث سڑکوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ متعدد نشیبی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ سیدپور ویلیج میں سب سے زیادہ 85 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واسا اور دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ نکاسیٔ آب کے لیے فیلڈ میں موجود ہے، جبکہ حساس مقامات پر ہیوی مشینری بھی تعینات کردی گئی ہے۔ شہریوں کو نالوں کے قریب جانے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔