لاہور: محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران مزید بارشوں اور گرج چمک کے ساتھ موسمی سرگرمی بڑھنے کی پیشگوئی کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک طاقتور موسمی نظام کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں اور مغربی لہر اس وقت ملک کے بالائی حصوں پر اثر انداز ہورہی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور شمال مشرقی پنجاب میں وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے۔
پنجاب کے شہروں لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں بھی بارشیں متوقع ہیں، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی اور خطہ پوٹھوہار میں 13 اگست کی شام یا رات سے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل کے علاقوں کے علاوہ سرگودھا، فیصل آباد اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سندھ کے جنوب مشرقی اضلاع تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ سمیت ساحلی علاقوں میں 12 اور 13 اگست کو بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم بدستور شدید گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔